اسلام آباد : عمران فاروق قتل کیس کے ملزم سے برطانوی پو لیس ٹیم کو تحقیقات کی اجازت دیدی گئی، دو رکنی ٹیم آئندہ ہفتے تک پا کستان پہنچے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی تفتیشی ٹیم کو ایک ملزم سے تحقیقات کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔
اُن کا کہناتھا کہ برطانیہ کو مطلوب ملزم دو ماہ قبل گرفتارہواتھا اور ہم اس حوالے سے اُن کے ساتھ رابطے میں ہیں ۔ گزشتہ ہفتے سفارتی ذرائع سے برطانیہ کو اطلاع دی ہے۔
برطانیہ کی طرف سے قانونی مدد کی درخواست آ چکی ہے۔ عمران فاروق قتل کیس میں معاونت ہماری ذمہ داری ہے۔ پہلے مرحلے میں برطانوی پولیس اس شخص سے تفتیش کر سکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا رواں ہفتے کے آخر میں میٹرو پولیٹن پولیس تفتیش کے لیے پاکستان آئے گی۔
گرفتار2ملزمان تاحال کوئٹہ میں ایف سی کی حراست میں ہیں، چودھری نثار نے کہا عمران فاروق قتل کیس ایم کیوایم کے حوالے سے نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عمران فاروق کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہتی ہے، ایم کیوایم سے متعلق چو ہدری نثار نے کا یہ بھی کہناتھا کہ عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے کہا عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ ابھی پاکستان میں درج نہیں ہوا کیونکہ عمران فاروق کے قتل کا وقوع لندن میں ہوا ہے۔