لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے استعفے کا مطلب کسی ایک شخص کو اقتدار سے الگ کرنا نہیں بلکہ دھونس اور دھاندلی کے نظام کو دفن کرنا ہے۔
لالک جان چوک میں تحریک انصاف کی جانب سے دئیے جانے والے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب پاکستانی سیاست میں وہ پڑھا لکھا طبقہ اپنا حق لینے کے لیے باہر نکلا ہے جس کا اس سے پہلے سیاست سے کوئی تعلق نہیں تھا کیونکہ وہ سمجھتے ہیں اب خاموش رہنا اپنی نسلوں پر ظلم کرنے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ صرف چہروں کی تبدیلی نہیں چاہتے بلکہ وہ اس سوچ کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں جس نے پاکستان کو تباہ کیا ہے ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لالک جان چوک آزادی کا ایک نشان بن چکا ہے اور جب پاکستان کے ہرلالک جان چوک سے آزادی کی آوازیں اٹھیں گی تو غربت اور بے روزگاری کی دیواریں خودگر پڑیں گی۔
انہوں نے امیدظاہر کی کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ سے کنٹینر ہٹانے کا فیصلہ آجائے گا مگر وہ لوگ انتہائی ناسمجھ ہیں جو کنٹینررکھ کرعمران خان کو عوام سے دور کرنا چاہتے ہیں۔