کراچی : لیاری میں اوان بم کے دھماکے میں ایک بچی جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق لیاری مولا علی مدد چوک پر نامعلوم سمت سے فائر کیا جانے والا اوان بم ایک رکشے میں لگنے سے دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک دوسالہ بچی جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوئے جبکہ رکشے کو بھی نقصان پہنچا۔
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں پر دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے ابتدائی شواہد اکھٹے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے، ناردرن بائی پاس مائی گاڑی اسٹاپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جبکہ ابراہیم حیدری کے سمندر سے ایک لاش ملی ہے ، رات گئے کورنگی دو نمبر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اٹھائیس سالہ ثاقب کے نام سے ہوئی۔ جمشید کوارٹر کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔
ادھر ڈیفنس بدر کمرشل کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نیاسٹریٹ کرائم میں ملوث تین ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔