پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

محمد مرسی کو سزائے موت : جماعت اسلامی کے تحت یوم احتجاج منایا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد / کراچی :  مصر کے منتخب صدر محمد مرسی اور دیگر رہنماؤں کی سزائے موت کے خلاف جماعت اسلامی کے  زیر اہتمام اسلام آباد اور کراچی میں یوم احتجاج منایا گیا۔

اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصری عدالت کے فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں۔

مغرب اور انسانی حقوق کی تنظیمیں محمد مرسی کے حق میں اٹھ کھڑے ہوں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ محمد مرسی کو سزا سنانے والے ججز نے اپنی قبر خود ہی کھودی ہے۔

- Advertisement -

مغرب محمد مرسی کے معاملہ پر منافقت دکھا رہا ہے جہاں مغرب کا مفاد ہوتا ہے وہاں پر وہ جمہوریت اور آمریت کا حامی بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد مرسی اب بھی مصر کے آئینی اور منتخب صدر ہیں پاکستان کی 18کروڑ عوام ان کے ساتھ ہے۔ سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور دنیا بھر کی آزاد عدالتیں مصر کی عدالت کے اس فیصلہ کو مسترد کرتے ہیں ۔

انہوں نے سعودی عرب میں خود کش حملہ کی شدید مذمت کی اورکہا ہم اس مشکل کی گھڑی میں سعود ی عوام کے ساتھ ہیں۔

علاوہ ازیں کراچی میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ مصر میں جمہوریت ،انسانیت اور انصاف کے قتل پر عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔

کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مصر کی جعلی عدالت سے منتخب صدر صدر مرسی سمیت سیکڑوں افراد کو سزائیں انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پامالی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ مصر اوریورپی ممالک کے سفارتخانوں میں احتجاجی یادداشتیں پیش کی جائیں گی۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکا اور یورپ مسلم دنیا میں آئینی اور جمہوری راستے بند کر کے انتہا پسندی کو فروغ دے رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں