منگل, فروری 18, 2025
اشتہار

مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا ہےاب کسی نشست کی ضرورت نہیں، شاہ محمود قریشی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا عمل مکمل ہوگیا ہے اب کسی نشست کی ضرورت نہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب کسی مذاکراتی نشست کی ضرورت نہیں ہے، گیند حکومت کی کورٹ میں ہے۔ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے، ہم یہ دیکھیں گے کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے، عمران خان دھرنے کے بعد کراچی اور سندھ کا تفصیلی دورہ کریں گے، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے کراچی آپریشن کی قلعی کھول دی ہے،معاشرے کو تقسیم کرکے بھائی کو بھائی سے لڑایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دورہ کراچی کا مقصد مفتی نعیم اور علامہ عباس کمیلی سے تعزیت کرنا ہے۔ سیلاب کے حوالے سےانہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے حکومت کو پیشگی اطلاع دے دی تھی کہ ملک میں مون سون کی تیز بارشوں اور سیلابی صورت حال کا سامنا ہوسکتا ہے مگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس پیشن گوئی کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بچاﺅ کے لئے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے پوری قوم کو آگے آنا ہوگا، مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک جانب تو اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومتی ٹیم ہم سے مذاکرات کررہی ہے، گزشتہ روز بھی حکومتی ٹیم سے ہمارے مذاکرات ہوئے لیکن مذاکرات کے بعد کیا نتیجہ نکلا یہ قوم نے دیکھ لیا، ہمارے اسلام آباد دھرنے کے ساﺅنڈ سسٹم کے انچارج ڈی جے بٹ سمیت مختلف اضلاع سے ہمارے کاکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دھرنے آئینی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے پر ہم قائم ہیں، حکومت کہتی ہے کہ استعفے کے معاملے پر کوئی بات نہیں ہوگی لیکن ہم کہتے ہیںکہ ہمارا مطالبہ جائز ہے۔

اہم ترین

مزید خبریں