اسلام آباد: مذہبی اور سیاسی جماعتوں نے دفاع پاکستان کونسل کو فعال کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ ڈرون حملہ پاکستان پرحملہ قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں مذہبی وسیاسی جماعتوں کے سربراہان کا مشاورتی اجلاس ہوا جس کی سربراہی مولانا سمیع الحق نے کی، اجلاس میں مذہبی اورسیاسی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ خطے میں مستقل قیام امن کے لیے نیٹو فورسز افغان سرزمین چھوڑ دیں ۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکا کی طرف سے بلوچستان میں ڈرون حملہ پاکستان پرحملہ ہے، اس اقدام سے امن عمل تباہ ہو گیا۔
اجلاس میں سیاسی وعسکری قیادت سے ڈرون حملوں کوتمام عالمی فورمز پر اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔
مذہبی اور سیاسی قیادت نے ڈرون حملوں کے خلاف پانچ جون کو اسلام آباد میں پروگرام کا اعلان کیا، پروگرام میں شرکت کی دعوت تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کو دی گئی ہے۔
اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بھرپورحمایت اور اسے ملک کی ترقی کیلئے سنگ میل قرار دیا گیا۔