مری کے علاقے تریٹ سیداں میں مسافر بس کھائی میں گر گئی حادثے کے نتیجےمیں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا ، خواتین اور بچوں سمیت سینتیس زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
مری میں تریٹ سیداں کے قریب آڑو کس کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جسکی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز اسپتال روانہ کر دیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی بس میں اڑتیس مسافر سوار تھے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو لاہور سے مری کی سیر کیلئے آئے تھے، پمز اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ عیسانی نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپروائی بھی ہو سکتی ہے۔
وزیراعظم نوازشریف نے کمشنر راولپنڈی کو ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔