کراچی: معروف تجزیہ نگاراورسابق سفیرظفرہلالی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں شہرِقائد کے علاقے لیاری سے بھتے کی کال موصول ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف تجزیہ کارظفر ہلالی نے اے آروائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں انکشاف کیا ہے کہ ان سے فون کال پردس لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیااوربھتہ خوروں نے اپنا تعلق لیاری سے ظاہرکیا جس کی شہرت جرائم پیشہ عناصر کے حوالے سے پہلے ہی بہت خراب ہے۔
ظفر ہلالی کے مطابق جب انہوں نے بھتہ خوروں کو بتایا کہ ان کا تواپناذاتی مکان بھی نہیں ہے تو بھتہ خوروں نے بھتے کی رقم دس لاکھ روپے سے کم کرکے ایک لاکھ کردی، لیکن انہوں نے وہ بھی دینے سے معذرت کرلی۔
اسی حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ خالد شیخ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی بہت باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جاتی ہے اوراس کے لئے ’اینٹی ایکسٹورشن سیل‘ بھی قائم ہے جو کہ اس طرح کی تمام شکایات کو دیکھتااوران کا ازالہ کرتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے گی اورساتھ ہی ساتھ ظفرہلالی کو مکمل تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا اورکوشش کی جائے گی مجرموں کو جلد ازجلد کیفرِکردارتک پہنچایا جائے گا۔