مقبوضہ کشمیر:حریت کے متوالوں نے پھر پاکستانی پرچم لہرا دیئے، پچھلے ماہ بھی سری نگر میں سبز ہلالی جھنڈا لہرانے پر بھارتی میڈیا اور سرکار نے شدید واویلا مچایا تھا۔
بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر میں پاکستانی جھنڈا لہرانے کا معاملہ پچھلے اڑسٹھ سال سے جاری ہے اور یہ جھنڈا کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ایک علامت اور شناخت بن گیا ہے۔
جمعے کے روز بھی ترال میں حریت رہنماء علی گیلانی کی ریلی میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔
گزشتہ ماہ سری نگر میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے تھے، پاکستانی پرچم لہرانے کے جرم میں کشمیری رہنما مسرت عالم کو گرفتار کر لیا گیا تھا لیکن گرفتاریاں قید و بند کشمیریوں کے دل سے پاکستان کی محبت نہیں نکال سکتیں۔
حریت کے متوالوں کا کہنا ہے کہ کشمیری بھارت کی سرزمین پر پاکستان کا جھنڈا نہیں لہراتے بلکہ وہ اس ریاست میں یہ جھنڈا لہراتے ہیں، جو کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہی اور جس پر اس ملک نے محض فوجی طاقت کے بل بوتے سے قبضہ جمایا ہوا ہے۔