ملک کے بیشترعلاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، شہریوں کا سردی کے مارے برا حال ہوگیا، کوئٹہ اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔
ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت برقرار ہے، کپکپی طاری کرنے والی سرد ہوائیں اور پہاڑوں پر برفباری سے کئی علاقوں میں زندگی ٹھٹر گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں سردی کی شدت مزید تین روز تک جاری رہے گی۔
لکی مروت میں کوہ شیخ بدین کے پہاڑوں پر دوسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی میں انتہائی اضافہ ہوگیا ہے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر شہروں میں سردی نے اپنا راج برقرار رکھا ہوا ہے، سردی کی شدت میں بے انتہا اضافے نے شہریوں کے ہاتھ پاؤں سن کر دیئے۔
آج سب سے کم درجہ حرارت قلات اور کوئٹہ میں منفی تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی کے ساتھ دھند کا بھی راج برقرار ہے، کراچی میں سردی کی شدت برقرار ہے، جبکہ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی درجہ حرارت رات کو نقطہ انجمات سے نیچھے چلا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا ، تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند ایک مقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔