اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سزائے موت پر پابندی اٹھانے کے بعد ملک بھرکی جیلوں کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے، پاکستان میں اس آٹھ ہزار سے زائد سزائے موت کی قیدی جیلوں میں قید ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کہتے ہیں کہ کوٹ لکھپت جیل پرایلیٹ فورس کو تعینات کر دیاگیا ہے جبکہ جیل کے گردونواح میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جیل کی طرف آنے اورجانے والے تمام راستوں پرناکہ بندی کردی گئی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب، سندھ اورخیبرپختونخوا کی جیلوں میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقع سے نمٹا جا سکے۔
ساہیوال جیل کے سپرنٹنڈنٹ گلزار بٹ کہتےہیں کہ سینٹرل جیل ساہیوال میں سزائے موت کے چارسو بیالس قیدی ہیں اورملکی حالات کے پیش نظرجیل کی سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔
پہلے مرحلے میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کی سزاؤں پرعمل درآمد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں پاکستان میں آٹھ ہزار سے زیادہ قیدیوں کو پھانسی کی سزاسنائی گئی ہے جن میں اکثریت کی اپیل کے حق کی مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔