ملک میں جاڑہ اپنے جوبن پر پہنچ گیا ہے، بالائی علاقوں سمیت کئی شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، جڑواں شہروں، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں مطلع ابر آلود اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے ملک کے بیشتر حصوں میں موسم بدستور سرد اور خشک رہے گا، تاہم جڑواں شہروں، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی پر برفباری کا امکان ہے۔
ادھر لاہور میں دھند کی شدت میں شدید دھند کے بعد کچھ کمی واقع ہوئی ہے، گلگت بلتستان اور دیامر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔
آج ملک میں سب سے کم درجہ حرارت کوئٹہ میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
شہریوں نے رات گئے سردی کی شدت سے بچنے کے لئے لکڑیاں جلاکر ہاتھ تاپے اور ٹھنڈ کی شدت سے محفوظ رہنے کیلئے گرم مشروبات، یخنی اور ڈرائی فروٹس کا لطف اٹھایا۔