لاہور: نابینا افراد نے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر دھرنا دیدیا، مظاہرین کا کہنا ہے کہ یقین دہانی نہیں، عملی اقدامات چاہیئیں۔
نابینا افراد نے لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک مارچ کیا اور پنجاب اسمبلی کے اندر جانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا، اس دوران پولیس اہلکاروں نے نابینا افراد کو دھکے بھی دیئے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے نابینا افراد سے مذاکرات کئے جو ناکام رہے، جس پر نابینا افراد نے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر ہی دھرنا دے دیا اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔
حکومت نے مذاکرات کے دوران ملازمتوں کا کوٹہ تین فیصد کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ایڈہاک ملازمین کو اکتیس مارچ تک مستقل کر دیا جائے گا لیکن نابینا افراد کا کہنا ہے کہ یقین دہانیاں تسلیم نہیں، تین ماہ پہلے بھی ایسی ہی یقین دہانیاں کرائی گئیں تھیں، آرڈر جاری ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔