بالی وڈ کے نامور اداکار نصیر الدین شاہ رواں سال لاہور میں منعقد ہونے والے فیض احمد فیض فیسٹول میں شرکت کے لئے لاہورآرہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سال سے نصیر الدین شاہ اور ان کی ٹیم ہر سال فیض احمد فیض فیسٹیول میں شرکت کرے گی۔
اندرونی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق نومبر میں منعقد ہونے والے سہہ روزہ فیض احمد فیض فیسٹول میں نصیر الدین شاہ لاہور کے الحمرا آرٹ سنٹر میں پیش کئے جانے والے چار ڈراموں میں فنکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
نصیر الدین شاہ نہ صرف یہ کہ ڈراموں میں حصہ لیں گے بلکہ پاکستان کے مختلف کالجز اور جامعات میں بھی لیکچر دیں گے۔ فیض فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس موقع پر ایک خصوصی مشاعرہ بھی ہوگا جس میں ہندوستان سے آئے شعراء کرام بھی اپنا کلام پیش کریں گے۔
نصیر الدین شاہ گزشتہ کئی برس سے پاکستان کا دورہ کرتے رہے ہیں اور ان کی بدولت کراچی میں واقع نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کو بے پناہ شہرت ملی ہے۔ نصیر الدین شاہ کچھ سال قبل ایک پاکستانی فلم میں اہم کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔