اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب اور شہبازشریف کے استعفے اور مقدمے کے اندراج پر مسلم لیگ ن کے اندر دو آرا پائی جاتی ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت اور پارٹی رہنماؤں کو متحد رکھنے کیلئے آج اہم اجلاس بلالیا ہے۔
آزادی اور انقلاب مارچ کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے ن لیگ کی قیادت کا اہم اجلاس آج بلالیا، وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بھی اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں دھرنوں کی صورتحال پر پارٹی رہنماؤں سے مشاور ت کے بعد اہم فیصلے کیے جائینگے، شہبازشریف کے استعفے اور مقدمے کے اندراج پرمسلم لیگ ن کے اندر دو آرا پائی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے آج اجلاس بلانے کا مقصد پارٹی رہنماؤں کو متحد رکھنا ہے، موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے ن لیگ کی قیادت اس سے قبل بھی کئی بار سر جوڑ کر بیٹھی، پر معاملے کو حل کرنے میں ناکام رہی۔
آج ن لیگ کا اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے حکومت سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد آج آگے کے لائحہ عمل کا اعلان کرنا ہے۔