اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی پیداوار کے لئے تمام وسائل استعمال میں لا رہی ہے۔
وزیرِاعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس میں تاپی گیس لائن اور ایران سے بجلی درآمد سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔
اجلاس میں کوئلے اور ایل این جی منصوبوں سمیت ملک میں توانائی بحران پر فوری قابو پانے اور جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو مناسب نرخوں پر بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ توانائی کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے منصوبہ شروع کیا جائے۔
اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ پانی و بجلی خواجہ آصف، وزیرِ پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال، وزیرِ ریلوے سعد رفیق، وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، عابد شیر علی سمیت اعلی حکام بھی شریک تھے۔