اسلام آباد : سرکاری اداروں کو واٹس ایپ، ای میل اور اس قسم کے دیگر ذرائع سے سرکاری اور اہم معلومات ارسال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیوز گیٹ اسکینڈل سے سبق حاصل کرتے ہوئے کیبنٹ ڈویژن سیکریٹری نے تمام وزارتوں اور محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر سرکاری کارروائی خفیہ رکھنے کا خصوصی اورسخت اہتمام کیا جائے۔
وزیراعظم کی ہدایت پرسرکاری معلومات خفیہ رکھنے کے ایس او پیز پر عمل شروع کردیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے نمائندے اظہر فاروق نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ متعلقہ حکام کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ واٹس ایپ ای میل اور اس طرح کے دیگر ذرائع کے ذریعے معلومات کے تبادلہ ہرگز نہ کیا جائے۔
ہدایات پرعمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہدایات کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ اہم میٹنگز کی کوئی بھی بات باہر افشاں نہ ہونے پائے۔
علاوہ ازیں مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حساس معلومات افشاں ہونے پرفوری اور سخت کارروائی کی جائے گی۔