اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے 4 غیر ملکی خواتین اور 3 بچے کو اسلام آباد سے بازیاب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی 4 خواتین اور 3 بچوں کو اسلام آباد سے بازیاب کر لیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کا تعلق آذربائیجان سے ہے، متاثرہ خواتین کو ملازمت کا جھانسہ دے کر آذربائیجان سے لایا گیا، ملزمان متاثرہ خواتین کا جنسی استحصال کرنے میں ملوث پائے گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین وزٹ ویزے پر پاکستان آئی تھیں، متاثرین کے ویزے کی معیاد ختم ہو چکی تھی اور غیر قانونی طور پر رہائش پزیر تھیں، متاثرہ خواتین اور بچوں کو اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں فلیٹس سے بازیاب کیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ چھاپے کے دوران خواتین سے پاسپورٹس بھی برآمد کر لئے گئے، 3 انسانی اسمگلروں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔