آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں بلا امتیاز ٹارگیٹڈ آپریشن کے باعث ٹارگٹ کلنگ، بھتے اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں کمی آئی ہے۔
کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے بتایا کہ کراچی میں بلا امتیاز جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کئے گئے، جس کی وجہ سے ٹارگٹ کلنگ، بھٹہ خوری اور اغوا برائے تاوان جیسے جرائم میں کمی آئی۔
آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کے مطابق پانچ ستمبر دوہزار تیرہ سے شروع کئے گئے ٹارگٹڈ آپریشنز کے دوران مختلف مقدمات میں مطلوب بارہ ہزار تین سو نوے ملزمان گرفتار کئے گئے، ساٹھ پولیس مقابلوں میں چوراسی ملزمان مارے گئے، ایک سو ستر پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کو نفری اور وسائل کی کمی کا سامنا ہے، ڈھائی کروڑ آبادی والے شہر کے لئے تیئس ہزار افسران واہلکار اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، پولیس ملزمان کو پکڑتی ہے لیکن کمزور پروسی کیوشن کے باعث وہ عدالت سے چھوٹ جاتے ہیں۔
ملاقات میں صنعتکاروں اور تاجروں نے آئی جی سندھ کو اپنے مسائل اور تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔