کراچی : پانی کی شدید قلت اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس مافیا کے خلاف ایم کیو ایم کی عوامی احتجاجی مہم کے تیسرے روز اورنگی ٹاؤن میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
پانی کے لیے بلکتے عوام نے بینرز اٹھائے پانی کی فراہمی کے لئے اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس مافیا کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرے سے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما عبدالحسیب کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے ستر فیصد ریونیو دینے والے شہر کراچی کو تھر بنا دیا ہے ۔
جہاں عوام بنیادی ضرورت پانی کے لیے ترس رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن سمیت کئی افسران غیر قانونی ہائیڈرنٹس مافیا کی سرپرستی کر رہے ہیں اور مد میں ملنے والے بھتے کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین کا کہنا تھا کہ کہ آخر کب تک کراچی سے سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھ کر پانی کے لئے مختص منصوبوں کو التواء کا شکار کرکے بجٹ کرپشن کی نذر کیا جا تا رہے گا۔
متحدہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر پانی فراہم نہ کیا گیا تو پیاسے عوام ایوانوں کا رخ بھی کریں گے۔