پاکستان اور بھارت نے سرحدی کمیونیکیشن ذرائع کو بہترین اور فوری امداد کو استعمال کرنے پر رضامند ہوگئے، پانچ روزہ پاک بھارت ڈائریکٹر جنرلز ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
پاک بھارت تناؤ کی برف سرد موسم میں پگھلنے لگی، پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسزغلطی سے بارڈر پار کرنے والوں کو فوری واپسی کرنے پر رضامند ہوگئے، رینجرز ذرائع کے مطابق ورکنگ باؤنڈری اور انٹرنیشنل باڈر پر پاکستان اور بھارت کیطرف سے کوئی نئی دفاعی تعمیرات نہیں کی جائیں گی۔
ڈیڑھ سال بعد پاکستان رینجرز پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل اور بی ایس ایف کے ڈائریکٹر جنرل کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قیام امن کے لئے فلیگ میٹنگ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، پانچ روز جاری رہنے والی ملاقات میں پاکستانی وفد کی قیادت میجر جنرل خان طاہر خان نے کی۔
بھارت کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف شیریں سبہاش جوشی نے مرکزی کردارادا کیا، مشترکہ اعلامیہ میں مثبت انداز میں بات چیت اور تنازعات حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں پڑوسی ممالک نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔