اسلام آباد: پاکستان نے زلزلے سے متاثرہ نیپال میں زندگی کی بحالی اورتعمیرِنو کے لئے ایک ملین امریکی ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ نے 25 جون 2015 کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال زلزلے سے متاثرہ ملک نیپال کی بحالی کے لئے پاکستان ایک ملین امریکی ڈالر فراہم کرے گا۔
مراسلے کے مطابق یہ اعلان کھٹمنڈو میں نیپال کی بحالی کے لئے کی جانے والی عالمی کانفرنس میں پاکستانی مشن کے قائم مقام سربراہ نے کیا۔
پاکستان ان اولین ممالک میں سے ہے جنہوں نے 25 اپریل 2015 کو نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے چند گھنٹوں کے اندر امدادی کاروائی کا آغاز کردیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے فوری طورپرتیس بستروں پرمشتمل موبائل اسپتال اور 50 افراد پرمشتمل تربیت یافتہ طبی عملہ نیپال روانہ کیا تھا جس نے 1200 سے زائد متاثرین کو فی الفور طبی امداد فراہم کی تھی۔
طبی عملے کے علاوہ پاکستان کی جانب سے 38 افراد پرمشتمل جدید سازوسامان سے لیس ٹیم بھی روانہ کی گئی تھی جس نے انتہائی جانفشانی سے ملبے میں دفن افراد کا سراغ لگایا اورجدید آلات کی مدد سے کئی افراد کی جان بچانے میں مدد فراہم کی تھی۔
پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف نے نیپال کی حکومت اورعوام سے دکھ اورمصیبت کی اس گھڑی میں اظہاریکجہتی کے لئے وافر مقدار میں امدادی سازوسامان جن میں خیمے، شیلٹر، کمبل، ادویات ، چاول، تیار خوردنی اشیا وغیرہ شامل ہیں روانہ کیا تھا۔