لاہور: پاکستان کے نامور قوال امجد صابری نے بالی ووڈ فلم بجرنگی بھائی جان میں بغیر اجازت کے قوالی "بھر دو جھولی” ریکارڈ کرانے پر اداکار سلمان خان کے خلاف عدالت میں کیس کردیا لیکن اب انہوں نے بھارتی عدالت کی جانب سے طلب کئے جانے پر بھارتی ویزے کیلئے درخواست بھی دیدی۔
امجد صابری کا کہنا تھا کہ سلمان خان فلمز نے فلم بجرنگی بھائی جان میں بغیر اجازت کے قوالی بھردو جھولی میری یا محمد شامل کی، جس پر ان کے خلاف بھارت کی عدالت میں درخواست دائر کروائی تھی۔
انھوں نے کہا کہ بھارتی عدالت کی جانب سے نوٹس ملا ہے کہ وہ اس قوالی کو اپنی خاندانی ملکیت ثابت کریں، امجد صابری نے کہا کہ یہ ثابت کرنے کیلئے بھارت جائیں گے اور اس کیلئے بھارتی ویزے کی درخواست بھی دیدی ہے۔
دوسری جانب امجد صابری کے علاوہ اس قوالی کو ریلیز کرنے والے ادارے ای ایم آئی پاکستان نے بھی فلم پروڈیوسرز کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ بجرنگی بھائی جان میں یہ قوالی عدنان سمیع خان نے گائی اور سلمان خان پر پکچرائز کی گئی۔