پشاور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کسی ایک کی ناکامی نہیں ہے بلکہ ہم سب کی ناکامی ہےاس موقع ہر سیاسی اختلافات بھلا کر ایک قوم ہونے کا ثبوت دینا چاہئیے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی تاریخ میں کبھی منصوبہ بندی کرکے اسکول پر حملہ نہیں کیا گیا بچوں سے کس کی دشمنی ہوتی ہے ایسا کرنے والے انسان نہیں ہیں۔
خان نے کہا کہ کوئی پاگل ہی ہوگا جو معصوم بچوں کو نشانہ بنا سکتا ہے چن چن کربچوں کو مارا گیا ہے ایسا کرنے والوں کو ان کے انجام تک پہنچانا ہم سب پر فرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس وقت سوگ کی حالت میں ہے یہ وقت پوائنٹ اسکورنگ کا نہیں ہے پوری قوم کواکھٹے ہوکردہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ خون کے بے پناہ عطیات آ چکے ہیں اور فی الحال مزید خون کی ضرورت نہیں ہے اگر ضرورت ہوگی تو میڈیا کے ذریعے اپیل کی جائے گی۔