پشاور: متنی کے علاقے سے دہشتگردی کی کارروائیوں میں مطلوب دو شدت پسند کمانڈرزکوگرفتارکر لیا گیا ہے۔
پشاور کے نواحی علاقے متنی ادیزئی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دوشدت پسند کمانڈروں کوگرفتار کرلیا ہے، گرفتار شدت پسند کمانڈروں کا تعلق تحریکِ طالبان پاکستان کے طارق گیدڑ گروپ سے ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتاردہشتگرد سن دو ہزاردس میں متنی میں ہونے والے امن لشکر پرحملوں اوربم دھماکے کی کاروائیوں میں مطلوب تھے، دہشتگرد متنی کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندی کی کاررائیوں کوکمانڈ کرتے تھے۔
پولیس نے گرفتارشدت پسند دونوں کمانڈروں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔ پشاورپولیس کے مطابق دونوں عسکریت پسند کمانڈرگزشتہ رات علاقہ غیرسے متنی میں داخل ہوئے، جس کے بعد ان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارکارروائی کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پشاور کے نواحی علاقوں میں دونوں شدت پسند دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔