لاہور: شدید بارشوں اورسیلاب کے پیشِ نظر تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تاحکم ثانی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں، چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کا کہنا ہے تمام محکمے سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کریں۔
پنجاب میں تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تاحکم ثانی چھٹیاں بند کر دی گئیں، چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کی زیرصدارت امدادی سرگرمیوں اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا ۔
اجلاس میں خوراک، صنعت، ماحولیات کے وزراء ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور دیگر شریک ہوئے، چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ تمام محکمے خصوصاً صحت، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات میں گریڈ انیس کے افسر کو تعینات کریں جو اپنے دفتر میں چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں۔
سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کی جائیں، حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ تمام محکمے صوبے کے دیگر علاقوں میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی جامع انتظامات کریں۔