لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج اورمملکتِ پاکستان کے خلاف الطاف حسین کی ہرزہ سرائی سے ثابت ہوگیا ہے کہ وہ دشمن کیلئے کام کررہے ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الطاف حسین کے واویلا سے ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی میں رینجرز نے درست قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف ہرزہ سرائی سے الطاف حسین کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، پوری پاکستانی قوم بھارت کو پکارنے والے نام نہاد لیڈر کے انجام کی منتظر ہے۔
الطاف حسین نے اردو بولنے والوں سمیت پاکستان کے 20 کروڑعوام کے دلوں کو زخمی کیا ہے اوروہ اسے کبھی معاف نہیں کریں گے۔
الطاف حسین نے گزشتہ روزامریکی شہرڈلاس میں متحدہ کے سالانہ کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب میں کہا تھا کہ کارکنان اقوام متحدہ ،وائٹ ہاؤس اور نیٹو سے کراچی میں فو ج بھیجنے کا مطالبہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت خود بزدل اورڈرپوک ملک ہے اگراس میں ذرا سی بھی غیرت ہوتی تو پاکستان کی سرزمین پرمہاجروں کا خون نہ ہونے دیتے۔
الطاف حسین نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ امریکی اخباروں کو خط لکھیں اورپاکستان کی اصل صورتحال سے آگاہ کریں۔