اسلام آباد: حکومت نےعوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی، پیٹرولیم مصنوعات چھ سے تیرہ روپے فی لیٹر تک مہنگی کی جاسکتی ہیں، آخری فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔
بجٹ میں عوام پر اربوں کا بوجھ ڈالنے کیلئے تیار وزارتِ خزانہ رواں مالی سال کے جاتے جاتے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرکے ٹیکس ریونیو کا شارٹ فال عوام سے وصول کرنا چاہ رہی ہے۔
تیل مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وزارتِ پیٹرولیم کو ارسال کردی گئی ہے، جس میں یکم جون سے پیٹرول 6روپے 19پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے، مٹی کےتیل کی قیمت 6 روپے53 پیسے فی لیٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے، ہائی آکٹین 13روپے 25 پیسے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویزہے۔
لائٹ ڈیزل 7روپے 62 پیسے فی لیٹرمہنگا کیا جاسکتا ہے۔
اُوگرا نےحکومت سے پیٹرولیم لیوی کم کر کے قیمتیں برقرار رکھنی کی سفارش بھی کی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہوگا۔