کراچی : پی آئی اے انتظامیہ کی ناقص حکمتِ عملی اوربد انتظامی کے باعث ادارے کو ہرماہ اربوں روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگست کے مہینے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی اندرون و بیرون ملک جانے والی تیرہ سو سے زائد پروازیں کئی گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں جبکہ سو سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جس سے قومی ایئرلائن کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کے مطابق قومی ایئرلائن کی ماہانہ سیل دس ارب روپے سے کم ہوکر سات ارب روپے تک جا پہنچی ہے۔
پی آئی اے کی مارکیٹنگ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ادارے کو ہرماہ سیل کی مد میں دس ارب روپے سے زائد کی ٹکٹیں فروخت کی جاتی تھیں جبکہ قومی ایئرلائن نے سول ایوی ایشن اتھارٹی اور سعودی ایوی ایشن کو اربوں روپے کے واجبات بھی ادا کرنے ہیں۔
واجبات کی عدم ادائیگی پرسعودی ایوی ایشن نے پچیس ستمبر تک مہلت دی ہوئی ہے۔