ابوظہبی: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھے ون ڈے میں سات رنز سے شکست دیکر سیریز دو دو سے برابر کرلی، سیریز کا فائنل جمعے کو کھیلا جائےگا۔
سانحہ پشاور کے باعث کھلاڑیوں نے میچ سے قبل دو منٹ کی خاموشی اختتار کی اوربازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے۔کیوی کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا، نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ پر دو سو ننانوے رنز بنائے۔
ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز احمد شہزاد اور ناصر جمشید نے اننگز کا آغاز کیا تا ہم احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے ہینری کے ہاتھوں آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد یونس خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ناصر جمشید کے ہمراہ 50 رنز کی پارٹنر شپ مکمل کی مگر ناصر جمشید 30 بنا کر اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار پائے۔
محمد حفیظ بھی جم کر بیٹنگ نہ کر سکے اور محض تین رنز بنا کر ہی ویٹوری کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔حارث سہیل بھی ویٹوری کی ہی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، وہ 13 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔عمر اکمل 29 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو ئے۔شاہد خان آفریدی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 گیندوں پر 49 رنز بنائے اور وہ ملنے کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔
یونس خان نے دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 103 رنز بنائے اور ویٹوری کی گیند پر بولڈ ہوئےتو وکٹ کیپر سرفراز احمد نے سہیل تنویر کے ہمراہ جم کر کھیلنے کی کوشش کی تاہم وہ 18 رنز بنا کر میک کلین گھان کی گیند پر وکٹ کیپر رونچی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔سہیل تنویر 11 جبکہ انور علی 20 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔