راولپنڈی : چھیاسٹھ روز میں ساتویں پیشی اور ہر پیشی میں نیا انداز، ڈالر گرل کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سےعدالت لایا گیا، کبھی برقعہ کبھی پی کیپ سےمنہ چھپاتی سپر ماڈل نے آج چہرہ چھپانے کیلئے ہڈ والے اَپر کا انتخاب کیا۔
ڈالر گرل کی واک اگرچہ آج کل ریمپ پر نہیں پورہی پھر بھی ایک جھلک دیکھنے والوں کا تانتا بندھ جاتا ہے ۔
ایان علی کو آج بینکنگ کورٹ میں پیش کیا گیا توسپر ماڈل نے عدالت میں ضمانت کی درخواست جمع کرادی، جیل حکام آج بھی مقدمے کا چالان پیش نہ کرسکے، عدالت برہم ہوئی اور آئندہ سماعت پر چالان کا حکم دے دیا۔
ڈالر گرل اب دوبارہ عدالت میں پچیس مئی کو جلوہ گر ہوں گی۔
گزشتہ سماعت میں راولپنڈی بینکنگ کورٹ نے ایان علی کےخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی درخواست منظور کرتے ہوئے پچیس مئی کو طلب کرلیا، کسٹم انٹیلی جنس نے ماڈل حسینہ کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کیلئےعدالت سےاجازت مانگی تھی۔
کسٹم انٹیلی جنس نے ایان علی کے خلاف راولپنڈی کے بینکنگ کورٹ میں درخواست دائر کی کہ ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالتی ریمانڈ پر ہے۔
کسٹمز حکام نے بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج صابر سلطان کو درخواست دی کہ یہ صرف کرنسی اسمگلنگ کا کیس نہیں بلکہ منی لانڈرنگ کا مقدمہ ہے اور اس میں منظم گروہ ملوث ہے اس لئے تحقیقات کی اجازت دی جائے۔