ژوب: بلوچستان کے شہر ژوب سے چار تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، جن کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
پولیس کے مطابق لاشیں ژوب کے علاقے تودہ زئی کے پہاڑوں سے برآمد ہوئیں، اہل علاقہ نے لاشوں کی موجودگی کی اطلاع ژوب انتظامیہ کو دی تھی، جس پر لیویز اور ایف سی کی نفری نے علاقے سے لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کیلئے ژوب منتقل کردیا، چاروں افراد کو قریب سے گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے لاشوں کی شناخت مشکل مرحلہ ہے ۔
پولیس ذرائع نے شک ظاہر کیا ہے کہ چند روز قبل پولیو ورکرز کو اغواء کیا گیا تھا، لاشیں ان کی بھی ہو سکتی ہیں، تاہم شناخت کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔
واضح رہے کہ اسی علاقے میں چند روز قبل انسدادِ پولیو مہم میں شامل رضاکار اور ایک سیکیورٹی اہلکار اغوا ہوگئے تھے، جن کی تلاش کیلئے سیکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔
اس سے پہلے بھی بلوچستان کے مختلف شہروں سے اغواء ہونے والے افراد کی تشددزدہ لاشیں برآمد ہوچکی ہیں۔