گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز کے ابتدائی روز انگلینڈ سترہ میڈلز کے ساتھ سب سے آگے رہا، آج بھی میڈلز کے لئے جنگ ہوگی۔ پاکستانی ایتھلیٹ بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
کامن ویلتھ گیمز میں آج بھی میڈلز کے حصول کیلئے جنگ ہورہی ہے، آج سائیکلنگ، جوڈو، شوٹنگ، سوئمنگ اور ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوگا، پاکستانی ایتھلیٹس بھی ایکشن میں ہوں گے۔
پہلے روز انگلینڈ سترہ میڈلز کے ساتھ سب سے آگے رہا۔ برطانوی ایتھلیٹس نے مینز اور ویمنز میں تین تین گولڈ میڈل حاصل کئے۔ آسٹریلیا پانچ طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ ویٹ لفٹنگ کی چھپن کلو گرام کیٹگری میں پاکستانی ایتھلیٹ محمد شہزاد چوتھے نمبر پر رہے، سوئمنگ میں خواتین کے پچاس میٹر ہیٹ ایونٹ میں پاکستان کی لیانا سوان کا نمبر تیسرا رہا۔
مردوں کی چار سو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ کی پہلی ہیٹ میں پاکستان کے اسرار حسین چار کھلاڑیوں میں تیسرے نمبر پررہے، لان باؤلز ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو انیس کے مقابلے میں بارہ پوائنٹس سے شکست دی۔