کراچی : محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں میدانی علاقوں میں مزید گرمی پڑنے کا امکان ہے، کراچی میں مطلع صاف ہے جبکہ ساہیوال میں موسلادھار بارش نے جل تھل کردیا۔
کراچی میں مطلع صاف ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں درجہ حرارت سینتیں ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے میدانی علاقوں میں مزید گرمی پڑنے کی خبر سنادی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو تین روز میں اکثر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ساہیوال میں گرج چمک کیساتھ موسلا دار بارش نے موسم خوشگوارکردیا۔
بارش سے شہر اور گردونواح کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔