کراچی: مختلف علاقوں میں آج رات بھی مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دو ملزمان ہلاک اور پانچ گرفتارکرلئے گئے۔
رمضان المبارک کے آغاز سے ہی شہر میں اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور بھتہ خوری کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہےتو دوسری طرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھی جاری ہیں ۔
کراچی میں اورنگی ٹاؤن ساڑھے گیارہ میں پولیس مقابلہ کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیاہے، ا سٹیل ٹاؤن لنک روڈ پر پولیس مقابلہ کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا، جس کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس مقابلے کے بعد پولیس نے دو بھتہ خوروں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزمان سے پولیس نے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے، پولیس نے زخمی ملزمان کو اسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس زرائع کے مطابق ملیر لیاقت مارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر ایک بچہ زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔