کراچی:سائٹ ایریا کی گتہ فیکڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ لاکھوں کا سامان خاکستر ہو گیا ہے ۔ شہر بھر سے فائر بریگیڈ گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح کراچی میں سائٹ ایریا کی گتہ فیکڑی میں آگ لگ گئی تھی۔ آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر پہنچ گیا، آگ کی شدت کے باعث مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیوں روانہ کر دی گئی تھیں۔
فیکٹری میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔ فائر بریگیڈ حکام نے بتا یا کہ سائٹ ایریا میں واقع گتہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی دیکھتے ہی دیکھتے جسکی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ ابتدا میں فائر بریگیڈ کی 5گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کوشش کی مگر آگ کی شدت میں اضافے کے پیش نظر فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں آگ پر قابو پانے کیلئے روانہ کی گئیں۔
فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ بجلی کی شارٹ سرکٹ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے مگر اس واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہے۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا مگر لاکھوں روپے مالیت کا سازوسامان جل گیا۔