منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

کراچی: اسماعیلی کمیونٹی کی بس پر فائرنگ ، 47 افراد جاں بحق

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہرِ قائد میں صفورا چورنگی پر دہشتگردی کی بھینٹ چڑھنے والے مزید دو افراد  دم توڑ گئے، مرنے والوں کی تعداد 47 ہوگئی ۔

کراچی میں صفورا چورنگی پر نامعلوم افراد نے بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں47 افراد جاں بحق اور 13افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 17 خواتین بھی شامل ہیں۔

 

تفصیلات کے مطابق صفورا چورنگی پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے بس پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 47افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جس میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔

ذرائع کے مطابق تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ دہشتگرد ایس ایم جی اور دوسرے بڑے ہتھیاروں سے لیس تھے۔

اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں ، پولیس اور رینجرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے مخصوص کمیونٹی کو نشانہ بنایا، بس میں مخصوص کمیونٹی کے 60افراد سوار تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بس میں اسماعیلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ساٹھ سے زائد افراد سوار تھے جو الاظہرگارڈن سے عائشہ منزل پر واقع اسماعیلی جماعت خانے جا رہے تھے کہ بس کو صفورا چورنگی کے قریب  روکا گیا اور اس پر چاروں طرف سے فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے متاثرہ بس کا نمبر جےبی-0333 تھا، بس میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد سوار تھے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گردوں نے مکمل ریکی کے بعد بس کو نشانہ بنایا، مسافروں پر نائن ایم ایم پستول سے اندھا دھند گولیاں برسائی گئیں۔

واقعہ کے بعد سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔


عینی شاہدین کا  بیان


عینی شاہدین کے مطابق بس پر فائرنگ کرنے والے 6 مسلح افراد موٹر سائکل پر سوار تھے، انھوں نے بس کو روکا اور اندر گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی، بس پر فائرنگ کے بعد مسلح افراد فرار ہوگئے۔

عینی شاہدین  کا کہنا ہے کہ دہشتگرد کھلے عام اسلحہ لیکر بس کا پیچھا کر رہے تھے۔

پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے متاثرہ مقام سے شواہد جمع کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ڈی ایس پی اور ایس ایچ او معطل

وزیرِ اعلی سندھ نے سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے سخت نوٹس لیا اور سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

وزیراعلی سندھ نے آئی جی سندھ سے رابطہ کرکے متعلقہ ایس ایچ او اورڈی ایس پی کومعطل کرنے کا حکم دیا جبکہ آئی جی سندھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں بس پرفائرنگ کے دہشتگردواقعے کا نوٹس لیا اورآئی جی سندھ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے دہشتگردی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی، گورنر نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کی بھی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نواز شریف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔


یہ وہی دہشتگرد ہیں جنہوں نےہمارے ڈی ایس پیز کو شہید کیا، آئی جی سندھ


 آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، جس میں کافی جانی نقصان ہوا ہے، اب تک 43 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 13 افراد زخمی ہے، یہ وہی دہشتگرد ہیں جنہوں نے ہمارے ڈی ایس پیز کو شہید کیا۔


I G Sindh – Safoora Bus Attack by arynews

آئی جی سندھ نے کہا کہ ہماری جنگ دہشت گردی کیخلاف ہے، ہم دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے ،دہشت گرد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد 3موٹرسائیکلوں پر سوار تھے، دہشت گردوں نے بس میں گھس کر فائرنگ کی۔


دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہیں، وزیراعلیٰ سندھ


 

وزیراعلیٰ سندھ نے آے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کراچی دہشت گردی کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ میں اسلام آباد میں ہوں کراچی آرہا ہوں، دہشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہیں ، دہشتگردوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، داعش کے پفلٹ ملنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

وزیرِاعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ واقعے پر نہایت افسوس ہے، انھوں نے بحق افراد کے لواحقین کے لئے پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لئے دولاکھ کا اعلان کیا ور کہا کہ زخمیوں کا بہترین علاج کرایا جارہا ہے۔



سیاسی رہنماؤں کی مذمت


کراچی میں دہشت گردی کے خوفناک واقعہ پر وزیرِاعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین نے مذمت کی۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صفورا چورنگی کے قریب مسلح دہشت گردوں کی آغا خانی کمیونٹی کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اور اس کے نتیجے میں متعدد مسافروں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس اظہار کیا ہے

انہوں نے کہا کہ مسافر بس پر فائرنگ کا واقعہ بد ترین دہشت گردی ہے اور اس میں ملوث دہشت گرد سفاک اور درندہ صفت ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ شہرمیں سفاک دہشت گرد ایک جانب ڈاکٹرز ، پروفیسر ز ، انجینئرز ، علمائے کرام ، تاجروں سمیت عام شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں اور آج صفورا چورنگی پر مسافر بس پر فائرنگ کے واقعہ سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہوچکے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چئیر مین عمران خان نے کراچی بس فائرنگ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا واقعہ صوبائی حکومت کی نا اہلی ہے۔

دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا حکومت کراچی کے شہریوں کو جان و مال کا تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد انسان نہیں درندے ہیں۔

وزیرِ اعلی پنجاب نے کراچی میں بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہیں، واقعے میں ملوث دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چئیر مین آصف زرداری،اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کراچی میں ہولناک دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ  شہر میں دہشتگرد کھلے عام دندناتے پھرتے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، ایک ایجنڈے پر آپریشن ہوگا تو بہتر نتائج نہیں آئیں گے۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سانحہ صفورا گوٹھ کے دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے، انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بس پر فائرنگ بہیمانہ کارروائی ہے، جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد دینگے، دہشتگردوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملےگی۔

تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے وزیراعلٰی سندھ کے مستعفٰی ہونے کا مطالبہ کردیا۔

اے این پی کے رہنما شاہی سید کا کہنا ہے کہ جب تک پولیس کو غیر سیاسی نہیں کیا جائے گا واقعات ہوتے رہے گے۔


بھارتی وزیرِاعظم نریندرمودی کی سانحہ کراچی کی مذمت


بھارت کے وزیرِاعظم نریندرمودی نے کراچی میں دہشت گردی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارافسوس کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیرِاعظم نریندرمودی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں، سانحہ کراچی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے دہشت گردی واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے واقعے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 


کراچی فائرنگ ، آرمی چیف نے دورہ سری لنکا منسوخ کردیا


آرمی چیف جںرل راحیل شریف نے کراچی بس فائرنگ واقعے کی پیشِ نظر دورہ سری لنکا منسوخ کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں بس پر دہشت گردی کے بدترین واقعے کے بعد دورہ سری لنکا منسوخ کردیا ہے، آرمی چیف کو تین روزہ دورے پر سری لنکا جانا تھا۔


جند اللہ نے کراچی میں بس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرلی


کالعدم تنظیم جند اللہ نے کراچی میں بس پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاکستانی طالبان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شدت پسند گروپ جند اللہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

جند اللہ کے ترجمان احمد مروت نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کراچی میں بس پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی۔

اس سے قبل دہشتگرد صفورا چورنگی پر بس پر فائرنگ کے بعد داعش کے پفلٹ پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔


سانحہ صفورہ، حکومت سندھ، ایم کیوایم ، اے این پی کا سوگ کا اعلان


سانحہ صفورہ پر سندھ حکومت نے کل یومِ سوگ منانے کا اعلان کردیا ہے، ایم کیو ایم اور اے این پی نےعوام سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔

صفورہ چوک میں دہشتگردی کی بدترین کارروائی پر قوم سوگوار ہے، حکومت سندھ نےدہشتگردی کی سفاک کارروائی میں متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے کل صوبے میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔


سانحہ صفورہ، دہشتگردوں نے 9ایم ایم پستول اور سب مشین گن بھی استعمال کی


سانحہ صفورہ میں دہشتگردوں نے9 ایم ایم پستول کے ساتھ ساتھ سب مشین گن بھی استعمال کی، قانون کے محافظوں متضاد بیانات سے معاملےکو معمہ بنا دیا ہے، قریب موجود پولیس کی خالی چوکی سے شہریوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔


بیشتر افراد کو سر پر گولیاں ماری گئیں، ابتدائی تحقیقات


ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گردوں نے مکمل ریکی کے بعد اسماعیلی کمیونٹی کی بس کونشانہ بنایا، سفاک دہشت گردوں نےصفورا چورنگی کے قریب سنسان مقام پر بس کو روکا، حملہ آور بس میں داخل ہوئے اور پہلے ڈرائیور کو گولی ماری پھر مسافروں کو نشانہ بنایا۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق بیشتر افراد کو سر پر گولیاں ماری گئیں، جائے وقوعہ کے قریب زیرِ تعمیر گھر سے نیلے رنگ کی یونیفارم اور گولیوں کے خول ملے۔


اسماعیلی ایک پُرامن اور عالمگیر جماعت ہے، پرنس کریم آغا خان


اسماعیلی مسلمانوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے کراچی میں بس حملے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

اسماعیلی برادری کے رہنماء پرنس آغاخان نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایک پُرامن جماعت کے لوگوں پر حملہ معاشرے میں تشدد کی عکاسی کرتا ہے۔

پرنس آغا خان کا کہنا تھا کہ اسماعیلی ایک پرامن اور عالمگیر جماعت ہے،جو دنیا کے مختلف ممالک بشمول اسلامی ممالک میں دیگر مذہبی و نسلی گروہوں کے ساتھ ہم آہنگی سے رہ رہی ہے۔


آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا پرنس کریم آغا خان کو ٹیلی فون


 

پاک فوج کے جنرل راحیل شریف نے اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان سے ٹیلی فون پررابطہ کیا ہے اور آج کراچی میں رونما ہونے والے افسوسناک اور المناک واقعہ پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

 آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے اس افسوسناک واقعہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔

 انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، اس کے ساتھ ساتھ ان کے معاونت کاروں اور حمایتیوں کو بھی کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔


سانحہ سفورہ: الطاف حسین کا وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ


ایک بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاکہ وہ کئی برسوں سے کہہ رہے ہیں کہ کراچی میں طالبانائزیشن ہورہی ہے، سندھ میں القاعدہ، طالبان اورداعش کے دہشت گرد موجود ہیں مگر ان کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا ۔

 الطاف حسین کا کہنا تھا اسماعیلی کمیونٹی کے پرامن لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا افسوس ناک واقعہ ہے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کوچاہیے کہ وہ اپنے عہدے سے استعفٰی دے دیں ۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں