کراچی: فائرنگ ودیگر پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس اور رینجرز نے بھی ایک دہشتگرد اور ایک جرائم پیشہ کو مارگرایا۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن قدافی چوک میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن رئیس عالم جاں بحق ہوگیا، لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ایک شخص کی لاش ملی، مقتول عبدالحامد آئی جی سندھ پولیس کی رہائشگاہ پر سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔
لیاری بغدادی میں بھی فائرنگ سے ایک شخص آصف ہلاک جبکہ دستی بم کے حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب کورنگی نمبر ڈھائی میں گھر سے علی محمد نامی شخص کی لاش ملی، رینجرز نے مومن آباد کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں رینجرز اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریکِ طالبان سوات کا ٹارگٹ کلر عمران کوہستانی مارا گیا جبکہ ایک رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوگیا ہے۔
پاک کالونی کے میوہ شاہ قبرستان کے قریب پولیس اور جرائم پیشہ عناصر میں فائرنگ سے آصف عرف کے کے مارا گیا، لانڈھی مظفرآباد کالونی میں گھریلو جھگڑے میں بیٹے نے چھریوں کے وار کرکے باپ کو قتل جبکہ بھائی کو زخمی کرکے فرار ہوگیا ہے۔