کراچی: شہرِ قائد میں میمن گوٹھ سے تین افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں، تینوں کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، بلدیہ نادرن بائی پاس کے قریب دو گروپوں میں تصادم سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
کراچی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے، میمن گوٹھ لنک روڈ سے علی الصباح تین افراد کی لاشیں ملیں، پولیس کے مطابق تینوں افراد کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔
دوسری جانب بلدیہ نادرن بائی پاس کے قریب دو مسلح گروپ آپس میں لڑ پڑے، تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے،مشتعل افراد کی فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کراچی کے علاقے موچکو میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کوحراست میں لے لیا جبکہ اورنگی ٹاون پاکستان بازار میں پولیس نے کارروائی کرکے تین کم عمر ڈکیت گرفتار کرلئے۔
ڈی ایس پی جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی عمریں گیارہ سے سولہ سال تک ہیں، جنہوں نے ڈکیتی کے دوران ایک خاتون کو قتل بھی کیا تھا، ملزمان ڈکیتی اور لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ادھر لیاری عید گاہ میں پولیس مقابلے کے بعد گینگ وار کا ایک کارندہ دھر لیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم عاطف عرف ہلاکو کے قبضے سے اسلحہ اور آوان بم برآمد کرلئے گئے ہیں، محمود آباد میں بھی پولیس نے چھاپہ مار کر دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلیا۔