کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی سمیت ملک بھر میں آئندہ چند روز میں گرمی کا پارا مزید کم ہوجائے گا۔
پنجاب کے اکثر علاقوں میں برکھا رت نے گرمی کوچلتا کردیا، اسلام آباد، راولپنڈی۔ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بادل کھل کر برسے جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ، ڈی آئی خان، کوئٹہ ڈویژن، فاٹا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم کوخوشگوار کردیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کوگرمی میں کمی کی خوشخبری سنادی، آئندہ چند روزمیں گرمی کا پارا مزید کم ہوجائے گا اور مطلع جزوی آبر آلود رہنے کا امکان ہے، بعض علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، اسلام آباد راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا ڈویژن سمیت خیبر پختونخواہ کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے ۔ سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔