کراچی: سعید آبادمیں مبینہ پولیس مقابلےمیں کالعدم تنظیم کےتین مبینہ دہشتگردزخمی حالت میں گرفتار،اسلحہ، اوربم بنانے کاسامان برآمد کرلیا جبکہ ملیر سے گرفتار ٹارگٹ کلر نے فرقہ وارانہ بنیاد پرٹارگٹ کلنگ کرنے کااعتراف کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سعید آباد میں دہشتگردوں کی موجودگی اطلاع پرپولیس نے چھاپہ ماراتو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پر دستی بموں سے حملہ کردیا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے، پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بم بنانے کا سامان، ڈیٹونیٹر، بیٹریاں اوردستی بم برآمد کرلیے ہیں۔ ملزمان کی شناخت ذکریا عرف بھائی جان، محمد عمران عرف ہمایوں اور یونس عرف بابا کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب ملیر سے گرفتار ٹارگٹ کلر نے فرقہ ورانہ بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کرلیا ہے۔ اپنے اعترافی بیان میں ٹارگٹ کلر نے نمائش ،شاہ فیصل ،غازی ٹاؤن سمیت دومنٹ کی چورنگی پر فرقہ ورانہ بنیادپرقتل کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔