کراچی : شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود فرقہ وارانہ قتلِ عام جاری ہے، نارتھ ناظم آباد میں واقع حیدری مارکیٹ کے قریب کار پر فائرنگ سے جامعہ بنوریہ کےمعلم مولانا مسعود جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع حیدری مارکیٹ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشتگردوں نے کار پر نشانہ باندھ کر اندھا دھند فائرنگ کردی، حملے میں جامعہ بنوریہ کے معلم مولانا مسعود کو نشانہ بنایا گیا۔
حملے کے فوراً بعد مولانا مسعود کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب مولانا مسعود یونیورسٹی سے اپنے گھر کی جانب جا رہے تھے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کی فضا میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل مظاہرین نے مختلف علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند کرادیا ہے۔
پچپن سالہ مولانا مسعود کو جو جامعہ بنوریہ کے معلم اور معروف مذہبی اسکالر مفتی نعیم کے داماد تھے۔
واضح رہے کہ شہر میں فرقہ وارانہ قتل ِ عام جاری ہے اور ہفتے کے روز علامہ علی اکبر کمیلی کو بھی اسی نوعیت کے ایک حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔