اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے دوران میڈیا کے لیے بارہ نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں میڈیا کو بغیر تحقیقات کوئی معلومات فراہم کرنے سے منع کیا گیا ہے، ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدواروں اور قومی سیاسی جماعتوں کو برابر کوریج دی جائے گی اور میڈیا ایسی خبر دینے سے گریز کرے گا، جس سے کسی سیاسی جماعت اور امیدوار کی تضحیک ہوتی ہو۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تحقیقات کے بعد ہی کسی امیدوار یا پارٹی سے متعلق خبر دی جائے، پیمرا ریڈیو، ٹی وی پر سیاسی جماعتوں کو دی جانے کوریج کی مانیٹرنگ کرے گا اور ریڈیو ٹی وی پر ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائے گا۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق میڈیا نمائندگان انتخابی عمل میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، انتخابی نتائج صرف ریٹرننگ آفیسر پولنگ آفیسر یا پریزائیڈننگ آفیسرکی طرف سے مہیا کردہ ہی میڈیا پر پیش کیے جائیں گے۔
میڈیا نمائندگان رپورٹنگ میں ایسی زبان استعمال نہیں کریں گے، جس سے کسی مذہب زبان، ذات یا جنس سے متعلق تشدد ابھارنے کا امکان ہو ایسے بیانات اور الزامات سے گریز کیا جائے گا، جو قومی استحکام اور امن امان کو نقصان پہنچانے کا باعث ہو۔