کوئٹہ: بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں نامعلوم افراد دو لڑکیوں پرتیزاب پھین کرفرارہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزی منڈی میں موٹر سائیکل پرسوار نامعلوم افراد نے دو لڑکیوں کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا اور موقع واردات سے با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ لڑکیوں کو انتہائی تشویش ناک حالت میں بولان میڈیکل کمپلکس منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
سی سی پی او کوئٹہ رزاق چیمہ کا کہنا ہے کہ تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لڑکیوں کا تعلق مسیحی برادری سے ہے ایک کا نام رمشا بتایا گیا ہے جس کی عمر 27 سال ہے جبکہ دوسری حنا ہے جس کی عمر 15 سال بتائی گئی ہے۔
متاثرہ لڑکیوں کے اہلِ خانہ کے مطابق لڑکیوں کو وجے نامی نوجوان نے ذاتی دشمنی کی بنا پر تیزاب گردی کا نشانہ بنایا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے گی۔
بلوچستان میں شدت پسند عناصر کے قوت پکڑنے کے بعد سے تیزاب گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے گذشتہ سال جولائی میں بھی ضلع پشین میں 6 خواتین کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔