گوجرانوالہ: صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 100 کامونکی میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے جہاں مسلم لیگ ن اورتحریکِ انصاف کےدرمیان آج سخت مقابلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 100 کامونکی میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 444 ہے جب کہ حلقے میں 113 پولنگ اسٹیشنز اور 344 پولنگ بوتھز قائم کئے گئے ہیں۔ کامونکی میں شدید بارش کے باعث شہریوں کو ووٹ ڈالنے کے لئے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ووٹنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے 3 ہزار 300 پولیس اور رینجرز اہلکار تعنیات کئے گئے ہیں جب کہ حلقے کے 22 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے رانا اخترعلی اور تحریک انصاف کے احسان اللہ ورک میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رانا شمشاد کے قتل پر خالی ہوئی تھی، جنھیں رواں برس مئی میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا۔