ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کل یورپی یونین میں مسئلہ کشمیر کا معاملہ زیربحث آئے گا، جنیوا میں انسانی حقوق کیلئے آواز اٹھاؤں گا۔
امید ہے یورپین پارلیمنٹ انسانی حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کریگی، اس کے علاوہ3ستمبر کو لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر تاریخی احتجاج ہوگا۔27ستمبر کو عمران خان جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرینگے، عالمی عدالت کے فیصلے کے مطابق دہشتگردکلبھوشن کو قونصلررسائی دی جائیگی۔
وزیر خارجہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں، اس وقت مجھے مذاکرات کا ماحول دکھائی نہیں دے رہا، سخت کرفیو کے ماحول میں کیا مذاکرات ہوں گے؟
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے ،جنگ آخری آپشن ہوتا ہے، پاکستان خطے کے امن کو برباد نہیں کرنا چاہتا، بھارت خطے کے امن کو برباد کرنے کی کوشش کررہا ہے، اقوام متحدہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک سرمایہ کاری کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا ہے، عمر کوٹ جلسے سے ظاہر ہوا قوم وزیراعظم کی آواز پر یکجا ہے، ملک کے ہرشہر میں لوگوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا