کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا قلم کے نشانات یا ہاتھ سے لکھے ہوئے تحریر والے کرنسی نوٹوں پر پابندی کے حوالے سے اہم بیان آگیا۔
تفصیلات کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ گروپس میں یہ خبریں گردش کر رہی ہے کہ اسٹیٹ بینک نے قلم سے کوئی بھی تحریر لکھے نوٹوں پر پابندی لگا دی ہے۔
تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے حالیہ خبروں کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ یکم جولائی 2025 سے قلم کے نشانات یا ہاتھ سے لکھے ہوئے کرنسی نوٹوں قابل قبول نہیں ہوں گے۔
اسٹیٹ بینک کے چیف ترجمان نور احمد نے دعوؤں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
نور احمد نے اسٹیٹ بینک کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کرنسی نوٹ ایک قومی اثاثہ ہیں اور ان کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ان کے ساتھ احتیاط اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے تاہم قلم کے نشان والے نوٹوں کے استعمال پر پابندی کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔