کراچی :آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے گلشن اقبال میں گذشتہ روز دستی بم حملوں سے متاثر ہونے والے اسکولو ں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے اسکولوں کے دورے کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز ہونیوالا واقعہ اسکول ٹائمنگ سے پہلے اس لئے پیش آیا کیونکہ اسکول ٹائمنگ میں سیکیورٹی انتظامات سخت ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی سیکیورٹی مزید بہتر بنا رہے ہیں جبکہ اسکول انتظامیہ سے بھی درخواست ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے بہتر بنائیں، انہوں نے بتایا کہ گذشتہ روز والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس کی نفری کم ہے، پولیس کی نفری بڑھانے کیلئے بھی ا قدامات کر رہے ہیں، کراچی میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروے کار لائے جائیں گے، سندھ کے شہریوں کو تحفظ دینا ہماری ذمہ داری ہے، جس کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک سیون میں صبح سویرے دو نجی اسکولز پر نامعلوم افراد نے کریکر حملے کیے، کریکر حملے کے وقت اسکولز بند ہونے کی وجہ سے کوئی بچہ موجود نہیں تھا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے اسکول کے اطراف میں دھمکی آمیز پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے، جس میں حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پھانسیاں بند کرو ورنہ مزید حملے بھی کیے جائیں گے۔