اسلام آباد: حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان عدالتی کمیشن کے قیام پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ تین نکات پراختلاف ہے امید ہے جلد حل کرلیں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنماء جہانگیر ترین اور وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات رنگ نہ لاسکی، اسلام آباد میں تحریکِ انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین سے ان کی رہائش گاہ پر اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے ۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کے خط کا جواب دے دیا ہے، اختلافات ایسے نہیں کہ حل نہ کئے جاسکیں۔
انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بہت سے پوائنٹس پر اتفاق ہوگیا ہے، ہم نیا آرڈیننس بنانے کیلئے بھی تیار ہیں، خودمختار جوڈیشل کمیشن کے فیصلے پر دونوں پابند ہونگے۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما جہانگرین ترین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ عدالتی کمیشن قوم کی ضرورت ہے، جہانگرین ترین کا کہنا تھاکہ قیادت کو آگاہ کر کے حکومت سے مزاکرات کو مزید آگے لے کرجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی جانچ پڑتال ہونی چاہیئے، موجودہ حالات میں جوڈیشل کمیشن کا بننا بہت اہم ہے، دونوں پارٹیوں کو فیصلہ کرکے جوڈیشل کمشن بنا لینا چاہئے۔
جہانگرین ترین نے مزید کہا کہ ملکی حالات ایسے نہیں کہ معاملات کو مزید بگاڑا جائے، حکومت کو اپنا دل بڑا کرنا ہوگا، ہم نے حکومت کو نیا آرڈیننس بنانے کیلئے سات دن دئیے ہیں۔
اس سے قبل وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے پی ٹی آئی کے رہنماء شاہ محمود قریشی کو فون کیا، ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے جلد مذاکرات شروع کرنے پراتفاق کیا۔