اسلام آباد: چیف کمشنر سے محروم الیکشن کمیشن کا ادارہ سیکریٹری سے بھی محروم ہوگیا ہے، اشتیاق احمد کی مدت ملازمت مکمل ہونےکے باوجود کوئی نام تجویزنہیں کیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان انتہائی اہم ادارہ ہے، لیکن اہم ادارہ مستقل سربراہ سے تو محروم ہی ہے اور اب سیکریٹری کی نشست بھی خالی ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن چیف الیکشن کمشنر کے بعد سیکریٹری کےعہدے پر بھی تعیناتی کا منتظر ہے۔
موجودہ سیکریٹری اشتیاق احمد کی مدت ملازمت مکمل ہوگئی لیکن اس عہدے کےلیے تاحال کسی کا نام سامنے نہیں آسکا، اشتیاق احمد کی مدتِ ملازمت میں دوبار توسیع کی گئی، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے نئے سیکریٹری کے لئے نام فراہم نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے تین نام مانگے تھے، سیکریٹری کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کمشنرز کی مدت ملازمت بھی ختم ہورہی ہے۔